پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں 59 سال کی بدترین پوزیشن پر چلاگیا

بنگلا دیش کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں تاریخی شکست کے بعد پاکستان آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں 2 درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر آ گیا ہے۔

اس سیریز سے قبل پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر تھا لیکن لگاتار 2 میچز ہارنے کی وجہ سے پاکستان ٹیم 76 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا سے بھی نیچے چلی گئی۔

یہ 1965 کے بعد سے ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کی سب سے بدترین درجہ بندی ہے۔سوائے اس مختصر مدت کے جب کم میچز کھیلنے کی وجہ سے پاکستان ٹاپ ٹین کی رینکنگ میں شامل نہیں ہوسکا تھا۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا پہلے، بھارت دوسرے ، انگلینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیش نے منگل کو پاکستان کے خلاف سیریز میں فتح حاصل کی جب کہ اس سے قبل انگلینڈ نے اتوار کو سری لنکا کو شکست دی تھی جس کے بعد اب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پوائنٹس ٹیبل ہی بدل گیا۔

اس وقت بھارت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ آسٹریلیا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بنگلادیش پاکستان کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد چوتھے نمبر پر آگیا۔

پاکستان مسلسل میچز ہارنے کی وجہ سے یہاں بھی آٹھویں پوزیشن پر ہے۔

بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں دونوں میچز ہارنے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کے 16 پوائنٹس ہیں، اسی لیے ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں کوالیفائی کرنا قومی ٹیم کے لیے بظاہر ناممکن ہوگیا ہے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ کے خلاف بقیہ تینوں میچز میں کامیابی سمیٹنا ہوگی جب کہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کو بھی کلین سوئپ کرنا ہوگا جو کہ کافی مشکل ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں