پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرقی ہمسایہ ملک بھارت میں جوہری اور دیگر تابکار مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے بار بار ہونے والے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی توجہ اس حالیہ واقعے کی طرف مبذول کروائی ہے، جس میں ایک گروپ کو دس کروڑ ڈالر مالیت کے انتہائی تابکار اور زہریلے مادے کالیفورنیم کی غیر قانونی ملکیت میں پایا گیا۔بھارت میں دوہزار اکیس میں کالیفورنیم کی چوری کے تین دیگر واقعات بھی رپورٹ ہوئے تھے انہوں نے ان واقعات کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے ان کے دوبارہ وقوع کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات کرنے پر زور دیا۔ پاکستان نے تجویز دی کہ سلامتی کونسل یا جنرل اسمبلی ایک جامع اوپن اینڈڈ ورکنگ گروپ قائم کرے تاکہ ٹیکنالوجیز تک مساوی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے اور انکار کے ایسے معاملات کو حل کیا جا سکے جو ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔