پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں امام مقرر

پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو اسماعیلی مسلمانوں کا 50 واں امام مقررکردیا گیا۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں پرنس رحیم آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کا 50 واں امام نامزد کیا تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی جانب سے جاری بیان میں اس تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہزادہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو اسماعیلی برادری کا 50 واں امام مقرر کر دیا گیا ہے۔اس بات کا اعلان امام کی فیملی اور جماعت کے سینئر ممبرز کے سامنے لزبن میں کیا گیا.پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں پرنس رحیم آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کا مذہبی پیشوا نامزد کیا تھا۔12 اکتوبر 1971 کو پیدا ہونے والے شہزادہ رحیم مرحوم آغا خان چہارم اور ان کی پہلی بیوی شہزادی سلیمہ کے بڑے بیٹے ہیں۔پرنس رحیم آغاخان کے علاوہ پرنس کریم آغا خان کے مزید 2 بیٹے علی محمد آغا خان اور حسین آغا خان ہیں جب کہ ایک بیٹی زہرا آغا خان ہیں۔پرنس رحیم آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی کئی ایجنسیوں کے بورڈز میں خدمات انجام دیتے ہیں.واضح رہے کہ پرنس رحیم آغا خان کے والد پرنس کریم آغا خان بدھ کے روز پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر 88 برس تھی.پرنس کریم آغا خان دنیا کے ڈیڑھ کروڑ اسمٰعیلیوں کے 49ویں امام یا روحانی پیشوا تھے۔واضح رہے کہ اسماعیلی جعفر صادق کے بڑے فرزند اسماعیل بن جعفر جن کی وفات امام جعفر صادق ؑکی زندگی میں ہی ہو گئی تھی کو اپنے ساتویں امام کا درجہ دیتے ہیں اور ان کی اولاد کو سلسلہ وار اپنا امام مانتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں