چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں میں مجوزہ آئینی مسودے پر اتفاق ہوگیا ہے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کے شکرگزار ہیں، کامیاب آئین سازی میں ہمیشہ جے یو آئی اور پی پی پی کا کردار رہا ہے، مزید اتفاق رائے بنانے کی ضروررت ہے، نواز شریف سے مولانا صاحب مل رہے ہیں اور ہمیں بھی کھانے کی دعوت دی گئی ہے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب کی خواہش ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کی جائے،نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ اس بل پر ایسا اتفاق رائے پیدا کیا جائے جس سے یہ آئینی ترمیم متفقہ طور پر منظور ہو، آئینی ترمیم پر اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے بلاول بھٹو کے شکر گزار ہیں۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ جو تجاویز انہوں نے پی ٹی آئی کے سامنے پیش کی تھیں آج اتفاق رائے میں طے کی گئی تجاویز اس سے مختلف نہیں ہیں، وہ پی ٹی آئی کے سامنے یہ چیزیں رکھیں گے اور انہیں امید ہے کہ آئینی ترمیم پر پورے ایوان کا اتفاق رائے ہوگا۔