پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے 2027 تک ہونے والے تمام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ایونٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق ہوگیا. معاہدے کے تحت بھارت میں ہونے والے تمام ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان وہاں نہیں جائے گا وہ تمام میچز نیوٹرل مقام پر ہوں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے طویل عرصے سے جاری تعطل کا حل نکالتے ہوئے پاک بھارت فیوژن فارمولے کا اعلان کردیا۔معاہدے کے تحت 8 ٹیموں کے چیمپئنز ٹڑافی ایونٹ میں بھارت کے میچز ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلے جائیں گے جبکہ بدلے میں آئی سی سی کے ان ایونٹس، جن کی میزبانی بھارت کرے گا وہ بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جلدجاری کردیا جائے گا. اس ماڈل کے تحت 8 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں صرف بھارت کے میچز پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے مقام پر کھیلے جائیں گے۔2027 تک کے تمام آئی سی سی ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کھیلیں جائیں گے اور اس دوران پاکستان بھی بھارت کا دورہ نہیں کرے گا اور بھارتی کی میزبانی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی کے مطابق پاکستاں 4 سال بعد ایک اور آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا جس میں پاکستان کو 2028 کے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 2027 تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں آئی سی سی ایونٹ کا میچ نیوٹرل وینیو پر کھیلیں گی اور نیوٹرل وینیو کا انتخاب میزبان بورڈ کرے گا۔واضح رہے کہ ویمن ورلڈ کپ 2025 اور مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی بھارت کے پاس ہے جبکہ پاکستاں اور بھارت کے درمیان معاہدے کو آئی سی سی بورڈ سے باضابطہ منظوری دلائی جائے گی۔