چین میں جلد کے ٹیٹوز سے اکتا جانے والی نوجوان نسل اب دانتوں پر ٹیٹوز بنوانے لگی ہے۔یہ رجحان اتنا مقبول ہو چکا ہے کہ چین کے بڑے ڈینٹل کلینکس نے کراؤن لگوانے والوں کے لیے دانتوں کے ٹیٹوز کو مفت بونس کے طور پر دینا شروع کر دیا ہے۔چینی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق دانتوں کے ٹیٹوز چین کی نوجوان نسلوں میں ایک نیا رجحان بن کر ابھر رہے ہیں۔کچھ نوجوان سمجھتے ہیں کہ جلد کے ٹیٹوز اب پرانے ہو گئے ہیں اور دانتوں کے ٹیٹوز خود کو ظاہر کرنے کا ایک نیا اور زبردست طریقہ ہیں اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ جہاں جلد کے ٹیٹوز کو ہٹانا مشکل ہوتا ہے وہیں دانتوں کے ٹیٹوز کو صرف کراؤن بدلنے سے آسانی سے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق دانتوں کے ٹیٹوز اتنے خطرناک نہیں ہوتے جتنا وہ لگتے ہیں یہ ٹیٹو براہِ راست قدرتی دانتوں پر نہیں بنائے جاتے بلکہ تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بنائے گئے کراؤن کی سطح پر انہیں بنایا جاتا ہے اور پھر یہ کراؤن اصل دانت پر نصب کر دیے جاتے ہیں۔اگرچہ چینی سوشل میڈیا پر دانتوں کے ٹیٹوز کو زبردست پزیرائی مل رہی ہے تاہم سب داندان ساز اس کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے۔ بعض داندان ساز کا کہنا ہے کہ کراؤن پر حروف یا ڈیزائن کندہ کرنا طبی اعتبار سے درست نہیں کیونکہ اس سے کراؤن کی مضبوطی کم ہو سکتی ہے اور وہ جلد گھس سکتا ہے۔
