امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے توقع ظاہر کی ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے دور صدارت میں مسئلہ کشمیر حل کرسکیں گے۔ٹرمپ چاہتے ہیں کہ پاک-بھارت اختلافات، نسل در نسل جنگ کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔انہوں نے یہ بات بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد کے دورہ امریکا سے متعلق سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہی۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ انہیں امید ہے صدر ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے دیرینہ اختلافات کو بھی حل کر لیں گے۔ٹیمی بروس نے کہا کہ صدر ٹرمپ وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے ایسے لوگوں کو میز پر لا بٹھایا اور بات چیت ممکن بنائی جن کے بارے میں لوگ تصور بھی نہیں کرسکتے تھے کہ ایسا ممکن ہوگا۔ٹیمی بروس نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ذہن میں کیا ہے وہ کیا منصوبے رکھتے ہیں وہ اس پر بات نہیں کرسکتیں تاہم یہ ضرور جانتی ہیں کہ صدر ٹرمپ کا ہر قدم نسلوں کے درمیان جنگ اور نسلوں کے درمیان جاری اختلافات کو ختم کرنے سے متعلق ہے۔ اس لیے یہ باعث حیرت نہیں ہونا چاہیے کہ صدر ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کو مینج کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انڈر سیکریٹری ایلیس ہوکر نے بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی سفارتی وفد سے ملاقات کی جس میں پاک بھارت جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ شکر ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہو چکی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ استحکام آگے بھی برقرار رہے گا۔
