امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوپ کے لباس میں اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے انہوں نے مذاق میں کہا کہ وہ اگلے کیتھولک پوپ بننا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے پوپ فرانسس کے جانشین کے انتخاب کے لیے کارڈینلز کے اجلاس سے چند روز قبل رواں ہفتے صحافیوں سے مذاق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اگلے پوپ بننا چاہتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ رنگین تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے جس میں ان کی دائیں انگلی آسمان کی طرف اشارہ کر رہی ہے انہوں نے پوپ کی ریگیلیا پہن رکھی ہے جس میں سفید لباس سونے کا مصلوب پینڈنٹ اور میٹر ٹوپی شامل ہے۔ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی یہ اقتدار میں واپسی کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ بھی تھا۔تقریباً 20 فیصد امریکی خود کو کیتھولک قرار دیتے ہیں اور نومبر میں ایگزٹ پولز سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے ٹرمپ کے حق میں تقریباً 60 فیصد ووٹ دیے۔کارڈینلز 7 مئی کو ویٹی کن کے سسٹین چیپل میں نئے پوپ کے انتخاب کے لیے ایک اجلاس میں جمع ہوں گے۔
