پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کالا باغ ڈیم پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا بیان ذاتی قرار دے دیا۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم پر علی امین گنڈاپور کا بیان ذاتی ہے پارٹی پالیسی نہیں ہے ۔ہم نہیں سمجھتے اس وقت کالا باغ ڈیم کی کوئی ضرورت ہے۔سینئر رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ متنازع چیزوں کو غیر ضروری طور پر چھیڑنا اچھا نہیں ہے۔ اس وقت اور بھی چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے جاسکتے ہیں علی امین کے اپنے علاقے میں چشمہ رائٹ بینک کینال کا ایک پراجیکٹ ہے اس سے ان کے علاقےکی پانی کی ضرورت پوری ہو جائےگی۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ سب کو مطمئن کرکے کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے کو اپنے بچوں اور پاکستان کے مستقبل کےلیے بننا چاہیے۔
