نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پانچ جولائی تک ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کردیا کراچی، حیدرآباد، بدین اور ٹھٹہ میں 2 سے 5 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیر سے 5 جولائی کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بالاکوٹ، مری، گلیات میں موسلادھار بارش متوقع ہے جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، سوات، چترال، ڈی آئی خان، بنوں اور مردان میں اربن فلڈنگ اور دریائے کابل و سوات میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق 2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں اور موسلادھار بارشوں کے باعث کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ انعام حیدر نے صورتحال سےخبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کےباعث پاکستان میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں شمالی علاقوں میں پگھلتےگلیشیئرز اور بارشوں سےسیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
