پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے بعد کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود جزوی طور پر ایک ماہ کے لیے بند کردی گئی ہے۔پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹم کے مطابق کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود رات تین بجے سے گیارہ بجےتک دستیاب نہیں ہوگی اس دوران کمرشل پروازوں کا فلائٹ آپریشن متبادل روٹس کے ذریعے جاری رہے گا جمعرات کو جاری ہونے والے نوٹم کے مطابق کراچی اور لاہور کے فلائٹ انفارمیشن ریجن کی مخصوص فضائی حدود یکم مئی سے 31 مئی تک ایک ماہ کے لیے جزوی طور پر بند کردی گئیں۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس جزوی بندش سے فلائٹ آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی ایئرلائن پی آئی اے کی گلگت اسکردو کے لیے پروازیں کچھ گھنٹے تعطل کے بعد دوبارہ بحال کردی گئی تھیں ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 3 گھنٹے فضائی حدود بند رہنےکی وجہ سے گلگت اسکردو پروازیں منسوخ کی گئیں تھیں تاہم فضائی حدود کھلنے پر تمام پروازیں بحال کردی گئیں۔
