کراچی میں خونی ٹرالر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا

کراچی کے علاقے ملیر میں انور بلوچ ہوٹل کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل سواروں کو روند ڈالا۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ ایس ایچ او شاہ لطیف، راجہ عباس نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ شاہ لطیف ملیر انور بلوچ ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار دو افراد کو ٹکر مار دی۔جاں بحق شخص کی شناخت 45 سالہ عامر ولد غلام مصطفی کے طور پر ہوئی جبکہ زخمی کی شناخت 35 سالہ ساجد ولد محمد ہاشم کے طور پر کی گئی ہے۔متوفی عامر پیدائشی گونگا اور بہرا تھا اور چند ماہ قبل اس نے پسند کی شادی کی تھی وہ اسپیشل ایجوکیشن اسکول میں ملازم تھا۔متوفی عامر کے کزن عبدالرحمن نے جناح اسپتال میں میڈیا کو بتایا کہ زخمی ساجد مرنے والے عامر کا ماموں ہے۔ عبدالرحمن کے مطابق، وہ دونوں موٹر سائیکلوں پر اپنے کزن کو کینٹ اسٹیشن چھوڑ کر واپس قائد آباد آ رہے تھے کہ ملیر انور بلوچ ہوٹل کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں عامر جاں بحق اور ساجد زخمی ہوگیا۔زخمی ساجد شادی شدہ اور ایک بچے کا باپ ہے اور نجی ٹیکسٹائل مل میں کام کرتا ہے۔ دونوں افراد مدینہ کالونی، قائد آباد کے رہائشی ہیں اور ان کا آبائی تعلق خیرپور میرس سے ہے۔حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا جس کے بعد پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانہ منتقل کر دیا ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال کے 2 ماہ میں ٹریفک حادثات میں 119 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جاں بحق افراد میں 87 مرد، 16 خواتین، 12 بچے اور 4 بچیاں شامل ہیں۔

Another motorcyclist was crushed by a trailer in Karachi

اپنا تبصرہ لکھیں