کراچی میں نیگلیریا سے رواں برس پہلی ہلاکت کی تصدیق

کراچی میں نیگلیریا سے 36 سالہ خاتون انتقال کر گئیں۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی رہائشی خاتون 23 فروری کو نجی اسپتال میں انتقال کر گئیں جو کہ نیگلیریا فولیری سے رواں برس کی پہلی ہلاکت ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ متاثرہ خاتون نے 18 فروری کو علامات محسوس کیں جس کے بعد انھیں 19 فروری کو اسپتال میں داخل کیا گیا تاہم مریضہ میں نیگلیریا کی تصدیق مریضہ کے انتقال کے بعد 24 فروری کو ہوئی۔تحقیقات کے مطابق خاتون کی واحد پانی سے وابستہ سرگرمی گھر میں وضو کرنا تھی۔ واضح رہے کہ نیگلیریا ایک امیبا ہے جسے صرف خوردبین سے دیکھا جا سکتا ہے اور اسے دماغ کو کھانے والا امیبا بھی کہا جاتا ہے، یہ امیبا بنیادی طور پر دماغی انفیکشن کا سبب بنتا ہے۔نیگلیریا کی صرف ایک قسم انسانوں کو متاثر کرتی ہے وہ نیگلیریا فولیری ہے جب کہ نیگلیریا کی کئی اقسام ہیں لیکن صرف فولیری ہی اس بیماری کا سبب بنتی ہیں۔یہ عام طور پر گرم تازہ پانی جیسے جھیلوں، ندیوں، گرم چشموں اور روزانہ استعمال والے پانی میں پایا جاتا ہے۔

First death from Naegleria in Karachi this year

اپنا تبصرہ لکھیں