ساحل پولیس نے ڈیفنس فیز 8 سی ویو وال مسجد کے قریب کارروائی کرتے ہوئے پولیس یونیفارم پہن کر موٹرسائیکل پر گشت کرنے والے 6 جعلی اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ملزمان کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک بنانے کے شوق میں شہریوں پر رعب ڈالنے کے لیے پولیس یونیفارم پہنا تھا۔پولیس حکام نے بتایا کہ ڈیفنس کے فیز 8 سی ویو وال کے قریب گشت پر موجود ساحل تھانے کے پولیس اہلکاروں نے 3 موٹر سائیکلوں پر سوار پولیس یونیفارم پہنے 6 مشکوک افراد کو روکا، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے ان سے سروس کارڈ طلب کرلیا جس پر تمام وردی پہنے افراد نے سروس کارڈ نہ ہونے کا اعتراف کرلیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ملزمان میں شہریار خان، محمد رضوان، یوسف خان، نور فراز، محمد کاشف اور حماد وزیر زادہ شامل ہیں۔پولیس کی باز پرس پر انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ حقیقی پولیس اہلکار نہیں بلکہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے شوقیہ وردی پہن کر عوام پر رعب ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے۔
