کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر لکی ون مال کے قریب رات گئے خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جب ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار بہن بھائی جاں بحق جبکہ ان کے والد شدید زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والی بہن اور بھائی کی شناخت 22 سالہ ماہ نور دختر شاکر اور 14 سالہ احمد رضا ولد شاکر کے نام سے کرلی گئی ہے جبکہ زخمی والد کی شناخت شاکر ولد صلاح الدین کے نام سے ہوئی ہے۔حادثے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور 7 ڈمپروں کو آگ لگادی شہریوں نے موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور پر تشدد کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا۔ ڈرائیور فردوس خان کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو نذرآتش کر دیا ہے۔پولیس نے ڈمپر جلانے کے الزام میں 10افراد کو گرفتار کرلیا ہے.ایس پی گلبرگ اقبال شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ چار ڈمپر گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ جانے والی شاہراہ پر جبکہ تین ڈمپر مخالف سمت کی سڑک پر نذرِ آتش کیے گئے۔جان سے جانے والے بھائی بہن کے چچا ذاکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے شاکر کپڑے کا کام کرتے ہیں تاحال بے ہوشی کی حالت میں ہیں۔ جان سے جانے والی لڑکی ماہ نور کی اگلے ماہ شادی طے تھی اور گھر والے ان کی شادی کی تیاریاں کر رہے تھے۔
