برطانیہ اور کینیڈا کے مرکزی بینکوں کے سابق سربراہ مارک کارنی کینیڈا کے نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے وہ کینیڈا کے موجودہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جگہ لبرل پارٹی کی قیادت بھی سنبھالیں گے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کی لبرل پارٹی نے 85.9 فیصد ووٹوں سے مارک کارنے کو پارٹی کا نیا رہنما منتخب کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارک کارنی چند دنوں میں کینیڈا کے وزیرِ اعظم کا عہدہ بھی سنبھالیں گے۔اتوار کے روز اپنی تقریر کے دوران کینیڈا کے نو منتخب وزیراعظم نے اپنی عوام کو متنبہ کیا کہ ملک پر کڑا وقت آنے والا ہے۔ امریکہ کا نام لئے بغیر کارنی کا کہنا تھا کہ کینیڈا پر یہ مشکل وقت ایک ایسے ملک کی وجہ سے آرہا ہے جس پر اب بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔اپنے خطاب میں کارنی کا کہنا تھا ہم اس صدمے سے تو باہر آ رہے ہیں لیکن ہمیں یہ سبق یاد رکھنا ہوگا کہ ہمیں خود اپنا اور ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بحران سے پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر نکلیں گے کیونکہ کینیڈا کی بنیاد اس کے لوگوں کی طاقت پر رکھی گئی ہے.مارک کارنی نے یہ بھی کہا کہ ہم نے خود یہ جنگ شروع نہیں کی لیکن اب کینیڈا تجارت میں بھی جیتے گا تا .ہم کارنی کی جانب سے وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل جسٹن ٹروڈو کو اپنے عہدے سے باضابطہ طور پر استعفیٰ دینا ہو گا۔ٹروڈو کے استعفے کے بعد کینیڈا کے گورنر جنرل کارنی سے وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے اور انھیں حکومت بنانے کی دعوت دیں گے۔تاہم 20 اکتوبر سے قبل کینیڈا میں عام انتخابات کروانے ضروری ہیں۔ اس لیے توقع نہیں کی جارہی کہ نیا وزیر اعظم زیادہ دیر تک اس عہدے پر فائز رہے گا۔