نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے طویل اور بار بار لوڈشیڈنگ پر سخت نوٹس لے لیا ہے اور کمپنی کو فوری طور پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔نیپرا کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی کی لہر میں طویل لوڈشیڈنگ شہریوں کے لیے مشکل بن گئی ہے نیپرا نے خاص طور پر فیڈرز بند کرکے ریکوری حاصل کرنے کے طریقہ کار کو اخلاقی اور قانونی طور پر ناقابل قبول قرار دیا اور اس کی سخت مذمت کی ہے۔ لوڈشیڈنگ سے تجارتی سرگرمیوں اور معیشت پربھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔خط میں کہا گیا کہ سستی بجلی خریدنے کے باوجود کے الیکٹرک نے صارفین کو کوئی ریلیف نہیں دیا نیشنل گرڈ سے 1600 میگاواٹ بجلی دستیاب ہے لیکن کے الیکٹرک مکمل فائدہ نہیں اٹھارہا کے الیکٹرک کچھ پلانٹس جزوی صلاحیت پرچلارہا ہے اور ساتھ لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے یہ سب کے الیکٹرک کی ناقص منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے۔نیپرا نے کے الیکٹرک کی کارکردگی کو مسلسل گراوٹ کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کے نقصانات میں اضافہ اور کم ریکوری نجکاری کے مقاصد کو نقصان پہنچا رہا ہے جبکہ نقصانات میں کمی اور ریکوری کی بہتری کے اقدامات کمپنی کی بنیادی ذمہ داری ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ نیپرا پہلے بھی کے الیکٹرک پرغیر منصفانہ لوڈشیڈنگ پرجرمانہ کرچکا ہے کے الیکٹرک نے اصلاحی اقدامات کے بجائے رعایت حاصل کرنے کی روش اپنائی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، نقصانات میں کمی اور ریکوری میں بہتری ترجیح بنائی جائے۔نیپرا کی طرف سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کو فوری طور پر اپنی کارکردگی بہتر بنانے، لوڈشیڈنگ میں کمی لانے اور صارفین کو مسلسل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔
