گلگت بلتستان میں بارش سے تباہی. 8 افراد جاں بحق. 15 گاڑیاں بہہ گئیں 30 سیاح لاپتہ

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر اور خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں شدید بارشوں کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق، 4 زخمی اور 30 لاپتا ہو گئے۔بابو سر ٹاپ پر فلیش فلڈ کے باعث سیلابی ریلہ آیا جس میں بہہ کر متعدد سیاح لاپتا ہوگئے جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جب کہ مقامی لوگوں نے بھی سیاحوں کو ریسکیو کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر دیامر عطاء الرحمان نے بتایا کہ بابوسر سے نیچے تھک کے مقام پر کلاوڈ برسٹ ہوا ہے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بابو سر روڈ بند ہوگئی ہے جب کہ 7 سے 8 کلو میٹر روڈ مکمل طور پر تباہ ہوئی ہے۔ قدرتی آفت کے باعث سڑک پر 15 بڑے مقامات پر رکاوٹیں پیدا ہونے سے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی۔ریسکیو آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے درجنوں سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، تاہم بہت سے سیاح اب بھی لاپتا ہیں۔بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر رکاوٹیں دور کی جارہی ہیں اور گمشدہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔شاہراہ بابوسر اور شاہراہ قراقرم پر پھنسے سیاحوں اور مسافروں کے لیے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔سیاحوں اور مسافروں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پاک فوج اور جی بی اسکاؤٹس کی ٹیمیں متاثرہ افراد تک اشیاء خورد و نوش فراہم کر رہی ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد بھی دی جارہی ہے اور مشینری اور افرادی قوت سڑکوں کی بحالی پر کام کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر دیامر عطاء الرحمان نے بتایا کہ 3 افراد کی لاشیں بھی ملی ہیں اور ایک معمر شخص شدید زخمی حالت میں ملا ہے جسے اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ 10 سے 15 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں جن میں کوسٹرز بھی شامل ہیں ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ ضلع دیامر میں شاہراہِ تھک بابوسر میں درجنوں سیاحوں کو ریسکیو اہلکاروں اور مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو کر لیا گیا ہے جبکہ لاپتہ 30 سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ نے چلاس میں سیاحوں کے لیے عارضی رہائش کا بندوبست کیا جہاں گرلز ڈگری کالج اور پولیس کی جانب سے فراہم کردہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کو مقامی ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا۔ترجمان کے مطابق سیلاب سے شاہراہ بابوسر پر ایک گرلز سکول،دوہوٹل، ایک پن چکی،گندم ڈپو، پولیس چوکی اور ٹورسٹ پولیس شلٹرتباہ ہوگئے ہیں۔سیلابی ریلوں سے شاہراہ بابوسر سے متصل50سے زائد مکانات مکمل تباہ، 8کلومیٹرسڑک شدید متاثرہ اور15مقامات پرروڈ بلاک ہے، سیلابی تباہ کاریوں سےشاہراہ بابوسر پر4رابطہ پل بھی تباہ ہوئے، ہزاروں فٹ عمارتی لکڑی بھی بہہ گئی ہے۔

Rain causes havoc in Gilgit-Baltistan. 8 people killed, 15 vehicles washed away, 30 tourists missing

اپنا تبصرہ لکھیں