افغانستان سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا مسافر طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر دہلی پہنچ گیا۔افغانستان سے انڈیا آنے والی پرواز نے سکیورٹی سمیت تمام اہلکاروں کو اُس وقت حیرانی میں مبتلا کر دیا جب لینڈنگ گیئر میں چھپ کر ایک 13 سالہ افغان لڑکا دہلی پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ لڑکا کابل ایئرپورٹ کے سخت سیکیورٹی والے حصے سے افغان ایئرلائن کی پرواز کے لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ میں داخل ہوا دو گھنٹے کے سفر کے بعد پرواز مقامی وقت کے مطابق دہلی ایئرپورٹ پہنچی جہاں لینڈنگ کے بعد عملے نے لڑکے کو طیارے کے قریب دیکھا اور فوراً سیکیورٹی کو اطلاع دی۔ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ لڑکا قندوز شہر کا رہائشی ہے۔ حکام نے اُسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جس میں اُس نے بتایا کہ یہ قدم اُس نے صرف تجسس میں اٹھایا تھا اسے معلوم نہیں تھا کہ ائیرپلین کے اس حصے میں آکسیجن کی کمی اور شدید سردی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔خوش قسمتی سے لڑکا زندہ بچ گیا۔ بعد ازاں اُسے اُسی ایئرلائن کی پرواز سے واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایئرلائن نے لینڈنگ گیئر کا مکمل معائنہ کیا جس دوران ایک سرخ اسپیکر بھی برآمد ہوا جو غالباً لڑکے کا ذاتی سامان تھا تاہم کوئی تخریبی مواد نہیں ملا اور طیارے کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔
