خیبرپختونخوا لوئر کرم کے علاقے اوچت میں مسلح افراد کی مسافر گاڑیوں پرفائرنگ سے44 افراد جاں بحق ہوگئے۔متعدد زخمی ہیں۔جاں بحق ہونے والوں کی میتیں آبائی علاقوں میں پہنچا دیں گئیں۔ واضح رہے کہ جمعرات کو لوئر کرم کے علاقے مندروی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی میں پشاور سے پاڑہ چنار جانے والی 200 گاڑیوں کے قافلے پر متعدد مقامات پر حملہ کیا گیا تھا۔ کرم پولیس کے مطابق قافلے پر تین مختلف علاقوں میں مورچے لگا کر فائرنگ کی گئی اور کم از کم 14 کلومیٹر کے علاقے میں قافلے پر فائرنگ ہوتی رہی .یہ قافلہ اس سڑک پر سفر کر رہا تھا جسے اکتوبر میں مسافر گاڑیوں پر حملے کے واقعے کے بعد بند کر دیا گیا تھا اور کئی ہفتوں بعد حال ہی میں آمدورفت کے لیے کھولا گیا تھا۔مسلح افراد نے پشاور سے پاڑاچنارجانے والے کانوائے میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔مسافر گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ڈی پی او کرم کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے باعث متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے جس سے اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔پاڑاچنار میں آج سوگ ہے تعلیمی ادارے بند ہیں۔پاڑاچنار کے مرکزی چوک پر شہریوں کا واقعے کے خلاف احتجاجی دھرنا گزشتہ روز سے جاری ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے اور راستے محفوظ بنائے جائیں۔ کرم پولیس کا کہنا ہے کہ وہ 33 افراد اس حملے میں محفوظ رہے.جاں بحق اور زخمیوں میں سے اکثریت کا تعلق اہلِ تشیع سے ہے۔