وفاقی تحقیقاتی ایجنسی سائبر کرائم سرکل نے کراچی میں ایک کارروائی کے دوران ریاست مخالف پروپیگنڈے ے تحت درج مقدمے میں سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فرحان ملک کو گرفتار کرلیا .ڈیجیٹل پلیٹ فارم رفتار سے وابستہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فرحان ملک کے خلاف کچھ عرصہ قبل انکوائری کا آغاز کیا گیا تھا جسے بعد ازاں مقدمے میں تبدیل کیا گیا۔ایف آئی اے نے آج فرحان ملک کو اُس وقت گرفتار کیا جب وہ اپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات سے متعلق بیان ریکارڈ کروانے سائبر کرائم سرکل کے دفتر پہنچے تھے۔واضح رہے کہ فرحان ملک کے خلاف جاری انکوائری کے تسلسل میں انھیں ایک سے زائد مرتبہ کراچی ائیر پورٹ پر فضائی سفر کے دوران آف لوڈ کیا جاچکا تھا۔ذرائع سائبر کرائم کے مطابق درج کردہ مقدمے میں ریاست مخالف پروپیگنڈے کے علاوہ حالیہ پیکا ایکٹ کی شقیں بھی درج کی گئی ہیں. ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد حیدر نے بتایا کہ فرحان ملک کے خلاف تقریباً 3 ماہ قبل انکوائری شروع کی گئی تھی۔ فرحان ملک پر الزامات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ فرحان ملک نے سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کئی پروگرام کیے تھے اور انکوائری مکمل ہونے کے بعد باضابطہ طور پر انہیں گرفتار کیا گیا۔