جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں نیا ریکارڈ بنا ڈالا

معروف ریسلر و اداکار جان سینا نے کوڈی روڈز کو شکست دے کر ریکارڈ 17ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔جان سینا نے ریسل مینیا 41 کے دوسری رات کے مین ایونٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے کوڈی روڈز کو شکست دی اور ریکارڈ 17 ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بن گئے۔ یہ پہلی بار ہے جب ڈبلیو ڈبلیو ای میں کوئی ریسلر 17 ویں بار چیمپئن بنا۔دنیا بھر میں مقبول ریسلر اور اداکار جان سینا 2025ء میں کسی وقت ریسلنگ کی دنیا کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہہ دیں گے مگر اس سے پہلے انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کا ایک ایسا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے جو اب تک کوئی اور ریسلر نہیں حاصل کرسکا۔اس سے قبل رک فلیئر اور جان سینا مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 16 بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکے تھے۔جان سینا 2 دہائیوں سے زائد عرصے تک ڈبلیو ڈبلیو ای میں ایک مثبت سوچ یا رویے کا مظاہرہ کرنیوالے ریسلر کے طور پر سرگرم رہے مگر ایلیمینیشن چیمبر میچ کے بعد انہوں نے اچانک روڈی کوڈز پر حملہ کیا اور دی راک کے ساتھی بن کر خود کو ڈرامائی انداز سے تبدیل کرلیا۔ایک موقع پر کوڈی روڈز نے جان سینا کو شکست دیدی تھی جب ایک گلوکار ٹریوس اسکاٹ نے مداخلت کرکے ریفری کو باہر کھینچ لیا اور جان سینا شکست سے بچ گئے۔ریسل مینیا 41 میں بھی جان سینا کی کامیابی صاف نہیں تھی بلکہ انہوں نے چیمپئن شپ بیلٹ کو استعمال کرکے اسے ممکن بنایا۔ کوڈی روڈز ریسل مینیا 40 میں چیمپئن بنے تھے اور ایک سال سے زائد عرصے بعد انہیں چیمپئن شپ سے محروم ہونا پڑا۔

John Cena sets new WWE record

اپنا تبصرہ لکھیں