امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے ایلون مسک کے ساتھ تعلقات ختم ہوچکے ہیں اگر مسک ڈیموکریٹس کو فنڈ دیتے ہیں تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے واضح طور پر بتایا کہ مسک جنہوں نے ماضی میں ان کی انتخابی مہم کے لیے کروڑوں ڈالر عطیہ کیے تھے اب دشمنی کی راہ پر ہیں۔ اگرچہ ٹرمپ نے ممکنہ نتائج کی تفصیلات بیان نہیں کیں تاہم ان کا اشارہ مسک کی ان کمپنیوں کی طرف تھا جو امریکی وفاقی حکومت سے بڑے ٹھیکے حاصل کرتی ہیں۔ایک سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کا دنیا کے امیر ترین شخص کے ساتھ رشتہ ختم ہوچکا ہے اور اب وہ اس کو ٹھیک کرنے کی خواہش نہیں رکھتے اور نہ ہی وہ ایلون مسک سے بات کرنے کا کوئی ارادہ رکھتے ہیں.امریکی صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے اسٹار لنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ یا اسپیس ایکس راکٹ لانچ کمپنیوں کے ساتھ امریکی حکومت کے معاہدوں کو ختم کرنے کے بارے میں نہیں سوچا۔نائب صدر جے ڈی وینس نے ایلون مسک کی ٹرمپ پر تنقید کو بڑی غلطی قرار دیا لیکن ساتھ ہی اسے ایک جذباتی آدمی کی وقتی جھنجھلاہٹ کہہ کر معاملہ ٹالنے کی کوشش بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ ایلون آخرکار دوبارہ ہماری صف میں لوٹ آئے گا۔ شاید اب یہ ممکن نہ ہو کیونکہ وہ بہت دور نکل چکا ہے۔
