ایران نے کہا ہے کہ اس نے 2 افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موسادے ارکان ہیں جبکہ اسرائیل نے بھی ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایران کے حساس صوبے البرز میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو اسرائیلی ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کا تعلق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے بتایا جا رہا ہے۔ ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز نے اتوار کے روز رپورٹ کیا ہے کہ موساد کے ارکان کی گرفتاریاں صوبہ البرز میں عمل میں آئی، جہاں یہ افراد دھماکا خیز مواد اور الیکٹرانک آلات تیار کر رہے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے دھماکہ خیز مواد، ڈیجیٹل آلات اور دیگر حساس اشیاء بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد ملک میں بدامنی پھیلانے کی سازش میں ملوث تھے اور ان کا تعلق براہ راست اسرائیلی انٹیلی جنس نیٹ ورک سے ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی ایرانی سیکیورٹی فورسز نے شہر یزد میں کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل سے روابط کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کیا ہ تھا ۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ افراد حساس تنصیبات کی تصاویر، ویڈیوز اسرائیلی خفیہ اداروں کو بھیج رہے تھے۔دوسری جانب اسرائیلی پولیس اور اندرونی سیکیورٹی ایجنسی شن بیٹ نے 2 یہودی اسرائیلیوں کو ایران کے لیے جاسوسی کے شبہ میں گرفتار کیا ہے۔اسرائیلی میڈیا نے شن بیٹ اور پولیس کے ترجمان کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ گرفتاریاں گزشتہ رات یامام میں سرحدی پولیس کے انسداد دہشت گردی کے ایلیٹ یونٹ کے چھاپے کے دوران عمل میں آئیں جبکہ دونوں مشتبہ افراد پر الزام ہے کہ وہ ایران کے لیے جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
