چین نے امریکی صدر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع میں آگ پر تیل ڈالنے کا کام کر رہے ہیں۔چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے دارالحکومت تہران سے شہریوں کو فوری انخلا کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا تنازع کو ہوا دینے کے بجائے کشیدگی میں کمی کے لیے کام کرے۔چینی وزیر خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو جلتی پر تیل قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران پر حملوں سے جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوسکتا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گوو جیاکُن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے بجائے شعلوں کو ہوا دینا، تیل ڈالنا، دھمکیاں دینا اور دباؤ بڑھانا صرف تنازع کو مزید بھڑکائے گا اور اس کا دائرہ وسیع کرے گا۔چین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران اور اسرائیل کشیدگی کو مزید بڑھانے کے بجائے اسے ختم کرنے میں کردار ادا کریں۔
