مشہور بھارتی ماڈل اور اداکارہ شیفالی جریوالا 42 برس کی عمر میں چل بسیں۔ ممبئی پولیس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی لاش ممبئی کے علاقے اندھیری میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ملی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے ان کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق شیفالی کو جمعرات کی رات اچانک دل کا دورہ پڑا۔ انہیں فوری طور پر ان کے شوہر اداکار پراگ تیاگی اور 3 دیگر افراد کے ہمراہ ممبئی کے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہو سکیں شیفالی جریوالا نے 2002 میں کانٹا لگا گانے کے ری مکس سے شہرت حاصل کی تھی جس میں ان کی دلکش پرفارمنس نے نوجوان نسل کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا۔ وہ دراصل کمپیوٹر انجینیئر بننا چاہتی تھیں لیکن شوبز نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔ بعد ازاں انہوں نے کئی میوزک ویڈیوز اور فلموں میں بھی کام کی تاہم انہیں آج بھی کانٹا لگا گرل کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ممبئی پولیس نے معاملے کی مکمل چھان بین کا عندیہ دیا ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔
