کراچی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر میں پولیس نے چھاپہ مار کر 5 ڈائریکٹرز کو گرفتار کرلیا چھاپے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی انسپیکشن ٹیم بھی موجود تھی۔گرفتار کیے گئے ڈائریکٹرز میں عرفان نقوی، جلیس صدیقی، اشفاق کھوکھر، فہیم صدیقی اور حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والے آصف رضوی شامل ہیں۔سندھ حکومت نے سابق ڈی جی ایس بی سی اے اسحٰق کھوڑو کے خلاف بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اسحٰق کھوڑو بلڈنگ گرنے کے کسی واقعے میں ملوث پائے گئے تو کاروائی کی جائے گی۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر بلدیات سعید غنی اور وزیر داخلہ ضیا لنجار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیاری میں عمارت گرنے کے سانحے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ سندھ حکومت نے لیاری میں عمارت گرنے کے سانحے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سربراہ اسحٰق کھوڑو کو معطل کر دیا تھا۔بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے شاہ میر خان بھٹو کو نیا ڈی جی ایس بی سی اے تعینات کردیا گیا تھا.
