وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ عوام نے مولانا فضل الرحمان کو مسترد کیا ہوا ہے مولانا کے پی کے میں تبدیلی لانے کی بجائے اپنے اندر تبدیلی لے آئیں تو بہت اچھا ہو گا۔ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ایک ایم این اے اور 2 ایم پی اے میرٹ پر ہیں، باقی سب فارم 47 پر ہیں مولانا نے لوگوں کو گمراہ کیا، اس لیے اپنے حلقے سے نہ جیت سکے۔پارٹی رہنماؤں سےخطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان خود جعلی مینڈیٹ پر ہیں اور یہ ہمارے لیے باتیں کریں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم مشاورت کے ساتھ عملی قدم سے آگے بڑھیں گے لاہور سے ہم تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں جب بھی کوئی تحریک لاہور سے چلتی ہے وہ پورے پاکستان میں کامیاب ہوتی ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم نے 5 اگست تک اس تحریک کو پیک پر لے کر جانا ہے یہ سوچنا ہوگا کہ وہ کیسے کرنا ہے۔علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت کا اس وقت شکریہ ادا کروں گا جب مجھے لاہور میں آئینی حق کے مطابق جلسہ کرنے کی اجازت دیں گے اگر جلسے کی اجازت دیں تو صرف شکریہ نہیں بلکہ تحفہ بھی دوں گا۔
