پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بھی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔ ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت کا نام پاکستان ریپبلک پارٹی رکھا ہے۔کراچی میں ریحام خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت حکمرانوں کا پیچھا کرے گی اور عوامی آواز بن کر ہر فورم پر مسائل اُٹھائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریپبلک پارٹی کا مقصد صرف اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوامی فلاح، شفافیت اور انصاف کے لیے جدوجہد ہے۔ریحام خان نے کہا کہ اب ماڈرن ٹیکنالوجی آگئی ہے کسی کام کا آغاز کریں تو اللہ کا نام لیکر کریں نیت کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 2012 میں بی بی سی میں ملازمت اختیار کی تھی بی بی سی سے مستعفی ہوکر اپنی والدہ کے پاس 4 سال رہی مجھے پاکستان سے پیار ہوگیا میں نے 2012 سے 2025 میں پاکستان کو دیکھا ہے۔ریحام خان نے مزید کہا کہ ملک کے موجودہ سیاسی نظام میں عام شہری کی آواز دبائی جاتی ہے لیکن ان کی جماعت ہر نظرانداز شدہ طبقے کی نمائندہ بنے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی سیاست کو خدمت میں بدلنے کے لیے میدان میں اتری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں بہت سوچ بچار کے بعد قدم رکھ رہی ہوں میرے مطابق کراچی دارلخلافہ ہونا چاہیے کسی سیاسی جماعت اور لیڈر میں کوئی فرق نہیں رہا مری اور سوات جیسے واقعات پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جاتی ہے۔ریحام خان نے کہا کہ آج ایسی تحریک کے ساتھ قدم اٹھا رہی ہوں جس میں پارلیمنٹ کے چہرے بدل کر دکھاؤں گی اسمبلیوں میں آجکل 5خاندان بیٹھے ہوئے ہیں۔
