پنجاب میں تیز بارشوں کے باعث 24 گھنٹوں میں 63 ہلاکتیں.جڑواں شہروں میں 230 ملی میٹر سے زائد طوفانی بارش

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں 63 افراد ہلاک جبکہ 290 زخمی ہو چکے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ چکوال میں سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں فوج سمیت تمام انتظامیہ حصہ لے رہی ہے۔پی ڈی ایم اے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے لیے فوج کے ہیلی کاپَٹر سمیت تمام ذرائع استعمال کیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چکوال میں ریکارڈ بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ ان کے مطابق، چکوال میں تقریباً 400 ملی میٹر سے زائد بارش ہو چکی ہے۔جبکہ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں اٹھارہ گھنٹے تک جاری رہنے والی نان اسٹاپ بارش نے تباہی مچا دی۔ 230 ملی میٹر سے زائد بارش کے باعث راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے پانی رہائشی آبادیوں میں داخل ہوگیا، جبکہ سڑکوں اور اہم شاہراہوں پر سیلابی ریلے بہنے لگے۔ نالہ لئی کی سطح بلند ہونے پر الرٹ جاری کر دیا گیا اور حفاظتی نقطہ عبور کرنے پر الارم بجا دیے گئے۔کٹاریاں پرنالہ لئی کی سطح 20 جبکہ گوالمنڈی پر 19 فٹ ہوگئی۔ خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔ مساجد سے بھی اعلانات کیے گئے ۔ قریبی آبادی کو فوری انخلا کا کہا گیا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے بارش کی موجودہ صورتحال کے باعث صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گلیوں، سڑکوں یا عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے پر بھی پابندی ہو گی۔ جبکہ ڈیموں، دریاؤں، تالابوں، جھیلوں اور ڈسٹری بیوٹریز میں بلااجازت کشتی رانی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 21 جولائی سے دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ ہے اور کمشنرز لاہور، ساہیوال، ملتان، گوجرانوالہ، بہاولپور اور فیصل آباد سمیت جہلم، راولپنڈی، اٹک، گجرات، سرگودھا، خوشاب، جھنگ اور دیگر متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ 26 جون سے اب تک مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 178 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 85 بچے بھی شامل ہیں جبکہ اس دوران 491 افراد زخمی ہوئے۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری شدید بارشوں کے باعث اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں سیلابی صورتحال جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے متعدد اضلاع بشمول لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں اگلے 12 گھنٹوں میں آندھی اور طوفان کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔

63 deaths in 24 hours due to heavy rains in Punjab. Twin cities receive more than 230 mm of torrential rain

اپنا تبصرہ لکھیں