اسرائیل کی سیاسی و سیکیورٹی کابینہ نے غزہ شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی فوج نے غزہ کے شمالی حصے میں رہائشیوں کو جبری انخلا کا حکم دےدیاہے منصوبے میں پوری غزہ کی پٹی پر مرحلہ وار دوبارہ قبضہ شامل ہے اور غزہ شہر کے رہائشیوں کو جنوب کی جانب منتقل کیا جائے گا۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ پورے غزہ پر کنٹرول کے لیے 6 فوجی ڈویژن تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کی تیاری کرے گی جبکہ جنگی علاقوں کے باہر شہری آبادی کو انسانی امداد فراہم کی جائے گی.اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ پر حکمرانی نہیں چاہتے اور غزہ کو سویلین حکومت کے حوالے کریں گے۔سکیورٹی کابینہ کے اجلاس سے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہم غزہ کے تمام علاقوں سے حماس کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اس پر تسلط نہیں چاہتے ہم اسے عرب افواج کے حوالے کرنا چاہتے ہیں جو ہمیں دھمکی دیئے بغیر اس پر صحیح طریقے سے حکومت کریں گی اور غزہ والوں کو اچھی زندگی دیں گی۔انہوں نے کہا کہ اپنی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے غزہ کی آبادی کو آزادی دلانا چاہتے ہیں.
