دریائے ہنزہ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث مورخون کے علاقہ میں شاہراہِ قراقرم کا ایک حصہ بہہ گیا جس کی وجہ سے شاہراہِ سوست، گلمت سیکشن ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے سڑک بند ہونے سے پاکستان اور چین کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریائی کٹاؤ میں اضافہ ہوا ہے جس سے مورخون اور گرچہ کے مقامات پر شاہراہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔وادی ہنزہ کے مختلف ندی نالوں اور دریاؤں میں شدید طغیانی دیکھنے میں آئی ہے جس سے دریاؤں کے اطراف میں آباد آبادیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔اس کے علاوہ شدید بارشوں کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بالائی گوجال کے مختلف دیہاتوں کا بھی دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ کٹ گیا ہے۔محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر گلیشیئرز کا پگھلاؤ اسی رفتار سے جاری رہا تو اگلے چند دنوں میں مزید سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔
