کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت نے راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن اور بھائی کی موت کا سبب بننے والے ڈمپر ڈرائیور کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے پاس سے ہیوی ٹریفک لائسنس نہیں ملا ملزم کے پاس ایل ٹی وی لائسنس ہے جو 8 سال پہلے 2016 میں ایکسپائر ہو چکا. عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظورکرتے ہوئے ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا واقعے کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوال بہن بھائی جاں بحق جبکہ ان کے والد زخمی ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد مشتعل مظاہرین نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی تھی۔ٹریفک پولیس کے ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت ڈمپر خالی تھا اور فاسٹ ٹریک پر تیز رفتاری سے جارہا تھا۔ٹریفک پولیس کے ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار موٹر سائیکل سلپ ہوئی تھی، ممکنہ طور پر موٹر سائیکل ساتھ چلنے والی گاڑی سے ہلکی سی ٹکرائی تھی۔رپورٹ کے مطابق توازن برقرار نہ رہنے کے باعث بہن بھائی موٹر سائیکل سے گرگئے، پیچھے سے آتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سے گرنے والے بہن بھائی کو ٹکر مار دی۔
