باجوڑ میں سلارزئی متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے دوران خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 مہمند کے علاقے میں رابطہ منقطع ہونے کے بعد کریش ہو گیا جس کے باعث دو پائلٹوں سمیت عملے کے پانچ افراد شہید ہو گئے ہیں۔اعلیٰ حکا م کے مطابق ہیلی کاپٹر چینگئی بانڈہ کے قریب سوکئی میں گر کر تباہ ہوا وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہیلی کاپٹر کے گرنے کی تصدیق کردی۔حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔ خیبر پختونخوا کے روسی ساختہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو رواں سال فروری میں ایئر ایمبولینس میں تبدیل کرنے کے مںظوری دی گئی تھی جس کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مختلف اضلاع میں بادل پھٹنے سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ہیلی کاپٹر کا کنٹرول روم سے آخری رابطہ باجوڑ کے علاقے پنڈیالی کے قریب ہوا جس کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ مقام کی جانب روانہ کردی گئیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ہفتہ کے روز سوگ منائے گی صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا انہوں نے کہا کہ شہداء کی ڈیڈ باڈیز کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جائیں بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں ان کی قربانی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔
