خیبر پختونخوا میں سیلابی ریلوں سے تباہی. 206 سے زائد افراد جاں بحق

ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کے ساتویں اسپیل نے تباہی مچا دی۔ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کلاؤڈ برسٹ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 206 تک پہنچ گئی جبکہ متعدد افراد زخمی اور کئی لاپتہ ہیں اور کئی مکانات منہدم ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر بونیر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صرف بونیر میں 157 اموات ہوئیں۔ اس کے علاوہ باجوڑ میں 21 ، بٹ گرام میں 17، شانگہ میں 20 افراد، سوات میں 9 افراد اور لوئر دیر میں 5 افراد جان سے گئے۔جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی .خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ، بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات سے متعلق پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے میں اموات کی تعداد 206 سے تجاوز کرگئی۔خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلع بونیر میں فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں ہوا بونیر کے 12 سے زیادہ دیہات کلاؤڈ برسٹ سے شدید متاثر ہوئے بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 45 گھر وں کو نقصان پہنچا۔ جس میں 38 گھروں کو جزوی اور 7 گھر مکمل منہدم ہوئے۔سوات میں بپھرا دریا راستے میں آنے والی ہر چیز تنکوں کی طرح بہا لے گیا، مینگورہ سے گزرنے والی ندی کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، پانی کے ریلے رابطہ پلوں تک پہنچ گئے۔باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے مانسہرہ کے گاؤں ڈھیری حلیم میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی ریلے میں بہنے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے نکال لی گئیں بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا۔اسی طرح گلگت بلتستان میں سیلابی ریلوں سے مختلف وادیوں میں تباہی مچ گئی چلاس کے اوچھار نالے میں کئی افراد بہہ گئے کئی نے درخت کے تنے کا سہارا لیا۔رتی گلی جانے والی سڑک مختلف مقامات پر بہنے سے بیس کیمپ میں پھنسے 800 سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کشمیر کو راولپنڈی سے ملانے والی شاہراہ کوہالہ اور شاہراہ نیلم بھی متعدد مقامات پر بند، سری نگر مظفرآباد سیکشن متعدد مقامات اور لیپہ مظفرآباد شاہراہ مٹی کی تودے گرنے سے بند ہوگئی۔مظفرآباد کی تحصیل نصیرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث سچہ نالے میں طغیانی آ گئی، جس کی زد میں آ کر ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ایک نوجوان کی لاش پلندری کے قریب ڈیم سے ملی جبکہ پلندری میں ایک خاتون جاں بحق اور ایک زخمی ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں سیلابی ریلوں سے تباہی. 206 سے زائد افراد جاں بحق

اپنا تبصرہ لکھیں