پاکستان کے معروف یوٹیوبر و ٹک ٹاکر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے بعد لاہور پولیس نے 2 لاکھ یورو کے فراڈ کیس میں ٹک ٹاکر خرم گجر کو حراست میں لے لیا ہے۔ڈیفنس سی پولیس کے مطابق رانا ارسلان نامی اوورسیز پاکستانی نے ٹک ٹاکر کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر خرم گجر نے اوورسیز پاکستانی کو دھوکا دیا ہے ان پر دھوکا دہی اور اعتماد کی خلاف ورزی کے الزام عائد ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق رانا ارسلان نے موقف اختیار کیا کہ خرم گجر نے کمرشل پلاٹ کے بہانے سے 2 لاکھ یورو کی رقم لی لیکن ایک سال گزرجانے کے باوجود پلاٹ فراہم نہیں کیا۔شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مقدمہ درج کر کے خرم گجر کو حراست میں لے لیا۔رانا ارسلان نے پولیس کو بتایا کہ جب اس نے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو خرم گجر نے ناصرف رقم واپس کرنے سے انکار کیا بلکہ اسے دھمکیاں بھی دیں۔
