وزیر آباد میں مریم نواز کے دورے سے قبل سوہدرہ میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں فلڈ ریلیف کیمپ لگایا گیا جس کے لئے سامان بھی لایا گیا جس میں خیمے، کرسیاں، گدے، دوائیاں اور کھانا شامل تھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسکول میں بنائے گئے فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود سیلاب متاثرین سے ملاقات کی مریم نواز نے سیلاب زدگان کے بچوں کے ساتھ کھانا بھی کھایا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیلاب متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تاہم مریم نواز کے دورے کےبعد کیمپ ختم کرکے سامان واپس بھجوادیا گیا سیلاب متاثرین بھی کھانا کھا کر لوٹ گئے اور کیمپ کو تالا لگادیا گیا۔ اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے پنجاب کی سینئیر وزیر مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ متاثرین دن کے اوقات میں کیمپ آتے ہیں کھانا کھاتے ہیں اور طبی سہولت حاصل کرتےہیں لیکن رکنے کے لیے اپنے رشتے داروں کے گھروں کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کےمطابق سیلاب متاثرین کھانا کھانے کے بعد واپس چلے گئے کل صبح دوبارہ ڈاکٹر اور اسٹاف بیٹھے گا۔
