امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیل کے دورے کے دوران اعلان کیا کہ واشنگٹن غزہ جنگ میں اسرائیل کو غیر متزلزل حمایت فراہم کرے گا۔مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم نیتن یاہو نے روبیو کے دورے کو امریکا کی واضح حمایت کا پیغام قرار دیا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسرائیل کا سب سے بڑا دوست کہا۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ غزہ کے لوگ ایک بہتر مستقبل کے مستحق ہیں اور یہ بہتر مستقبل اس وقت تک شروع نہیں ہوسکتا جب تک حماس کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔روبیو نے مغربی ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے منصوبوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات حماس کو مزید شہہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ غزہ جنگ جلد از جلد مکمل ہو جس کے لیے حماس کو لاحق خطرہ ختم کرنا اور یرغمالیوں کی رہائی لازمی ہے۔ قطر میں حماس رہنماؤں پر حملہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے روبیو نے اعتراف کیا کہ اس حملے نے مذاکرات کو مشکل بنایا تاہم انہوں نے کہا کہ امریکہ اب بھی قطر کے تعمیری کردار کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم قطر کو اس معاملے میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔
