اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں پاکستان سمیت دس غیر مستقل رکن ممالک کی غزہ میں غیر مشروط مستقل جنگ بندی کی قرارداد امریکا نے ویٹو کردی۔ یہ چھٹی بار ہے جب امریکا نے ایسی کسی قرارداد کو ویٹو کیا ہے۔یہ قرارداد سلامتی کونسل کے 15 میں سے 10 غیر مستقل رکن ممالک نے پیش کی تھی جس میں پاکستان بھی شامل تھا۔ویٹو کی گئی قرار داد میں غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ فلسطینی علاقے میں امدادی سامان کی فراہمی پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے.اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی حمایت میں ووٹ دیا تاہم امریکا نے اکیلے ویٹو کر دیا۔امریکا کے اس اقدام پر کئی ممالک نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔گزشتہ ہفتے ایک موقع پر امریکا نے سلامتی کونسل کے ایک بیان کی حمایت کی تھی جس میں قطر پر حالیہ حملوں کی مذمت کی گئی تاہم متن میں اسرائیل کا ذکر شامل نہیں تھا۔
