ہانگ کانگ میں کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا جس سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ کارگو طیارہ دبئی سے آرہا تھا کہ لینڈنگ کے دوران پھسل کر سمندر میں جاگرا۔ہوائی اڈے کا شمالی رن وے پیر کوعارضی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ باقی دو رن وے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس بیورو کے ترجمان نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایئر ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اتھارٹی حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کارکو طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں زمینی عملے کے دو ارکان ہلاک ہو گئے جبکہ طیارے میں سوار عملے کے چاروں افراد محفوظ رہے۔طیارے میں سوار عملے کے 4 افراد کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے باعث طیارے کا پچھلا حصہ جدا ہو گیا جبکہ اگلے حصے کو بھی نقصان پہنچا۔یہ حادثہ ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک نایاب واقعہ ہے کیونکہ یہ ایئرپورٹ عمومی طور پر اپنے بہترین حفاظتی ریکارڈ کے لیے جانا جاتا ہے۔