ہیوی ٹریفک سے ایک دن میں دوسرا حادثہ. ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق

کراچی کے علاقے لانڈھی میں اسپتال چورنگی کے قریب ڈمپر نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا حادثے میں ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔کراچی میں ایک ہی دن میں ہیوی ٹریفک سے دوسرا حادثہ رونما ہوا ہے.اس سے قبل کراچی میں نشتر روڈ پر رامسوامی کے علاقے میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق اور اس کی اہلیہ زخمی ہوگئی جاں بحق نوجوان کی شناخت شاہ زیب کے نام سے ہوئی حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر نذرآتش کردیا جب کہ واقعے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔اسپتال چورنگی پر افسوسناک حادثے میں ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا موٹر سائیکل سواروں کو کچلنے والا ڈمپر سمیت فرار ہوگیا۔پولیس نے جاں بحق و زخمی موٹرسائیکل سواروں کو ہسپتال منتقل کرکے ڈمپر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 20 سالہ کاشان کے نام سے ہوئی جب کہ حادثے میں 19 سالہ جواد زخمی ہوا۔دوسری جانب رات کے حادثے کے بعد ڈمپر نذرآتش کیے جانے پر ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود مسلح گارڈ کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے، جنہیں دیکھ کر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور احتجاج شروع کردیا۔اس موقع پر جاتے جاتے ڈبل کیبن میں سوار لیاقت محسود کے گارڈ نے عوام پر فائرنگ کردی۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں شہر میں ڈمپر کے حادثات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ 2 نومبر کو ملیرکینٹ تھانے کی حدود جناح ایونیو پر شاپنگ مال کے سامنے ڈمپر کی ٹکر سے ایف آئی اے کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد ایوب خان جاں بحق ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں