امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حکومتی فنڈنگ کے متعلق بل پر دستخط کیے جانے کے بعد ملکی تاریخ کا طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن ختم ہو گیا ہے۔اس سے قبل ایوانِ نمائندگان نے ایک بل منظور کیا تھا جس کے ذریعے متاثرہ فوڈ ایڈ پروگرام بحال کیے جائیں گے، لاکھوں وفاقی ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں گی اور ایئر ٹریفک کنٹرول کا نظام دوبارہ فعال کیا جائے گا۔ایوانِ نمائندگان میں رائے شماری کے دوران بل کے حق میں 222 جبکہ مخالفت میں 209 ووٹ پڑے۔ چھ ڈیموکریٹ ارکان نے بھی ریپبلیکنز کا ساتھ دیتے ہوئے اس بل کی منظوری کے لیے ووٹ دیا تھا۔یہ بل جو سینیٹ سے پہلے ہی منظور ہوچکا تھا ٹرمپ کے دستخط کے بعد اب 43 دن کے شٹ ڈاؤن سے متاثرہ وفاقی ملازمین کو جمعرات سے اپنی ملازمتوں پر واپس آنے کی اجازت دے گا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ حکومت کی تمام سروسز اور ادارے کتنی جلدی مکمل طور پر بحال ہو پائیں گے۔اس بل پر دستخط کرنے سے قبل صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک کبھی اس سے بہتر حالت میں نہیں رہا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ آج بہترین دن ہے۔