کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کی قیمت میں اضافے کا امکان

کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان ہے جس کے لیے سی پی پی اے نے نیپرا میں درخواست دائر کر دی ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سے بجلی کی قیمت میں 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کر دی۔نیپرا میں درخواست منظور ہونے کی صورت میں ملک بھر کے صارفین پر تقریباً 12 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔مئی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی منگل کے روز سماعت کرے گی۔سی پی پی اے کے مطابق مئی کے دوران ملک میں 12 ارب 63 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔ جبکہ بجلی کی اوسط فیول لاگت 9 روپے 25 پیسے فی یونٹ رہی۔ اس کے مقابلے میں مئی کے لیے ابتدائی فیول لاگت کا تخمینہ 8 روپے 43 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا تھا، جس کے باعث 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی۔مئی میں پانی سے 33.27 فیصد، مقامی کوئلے سے 11.66 فیصد، درآمدی کوئلے سے 13.54 فیصد، فرنس آئل سے 0.16 فیصد اور مقامی گیس سے 8.31 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔نیپرا اس درخواست پر منگل کو سماعت کرے گا، جہاں سی پی پی اے کے پیش کردہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں