میکسیکو میں میئر نے خوشحالی کے لیے مادہ مگرمچھ سے شادی کرلی

میکسیکو کے میئر نے عوام کی خاطر مادہ مگرمچھ کو اپنی دلہن بنالیا۔ روایتی انداز میں شادی کی اور دلہن بیاہ کر گھر لے آیا۔یہ عجیب و غریب شادی دراصل صدیوں پرانی رسم کا حصہ ہے جس کا مقصد علاقے میں خوشحالی اور بہترین فصلوں کے لیے دھرتی ماں کا شکرایہ ادا کرنا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی ریاست وہاکا کے ایک قصبے کے میئر نے توہم پرستی کی پیروی کرتے ہوئے خوشحالی لانے اور عوام کی قسمت راتوں رات بدلنے کے لئے مگرمچھ سے شادی کرلی۔رنگ برنگی روشنیوں اور روایتی دھنوں سے سجی اس محفل میں دلہن بنی مادہ مگرمچھ کو باقاعدہ سفید عروسی لباس پہنایا گیا تھا اور اس کا سر پھولوں کے تاج سے سجایا گیا تھا۔ چونکہ دلہن ایک خطرناک جاندار ہے، اس لیے دولہا میاں اور مہمانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطاً اس کا منہ رسی سے مضبوطی سے باندھ دیا گیا تھا۔اس رسم کا اصل جادو اس کے روحانی عقیدے میں چھپا ہے۔ مقامی ثقافت میں اس مادہ مگرمچھ کو محض ایک جانور نہیں بلکہ مدر ارتھ کی نمائندگی کرنے والی ایک ”دیوی“ مانا جاتا ہے۔ جب قصبے کا سیاسی سربراہ یا لیڈر اس دیوی سے شادی کرتا ہے، تو یہ انسان اور قدرتی طاقتوں کے ملاپ کی علامت بن جاتا ہے۔ قصبے کے باسیوں کا پختہ یقین ہے کہ جب تک یہ انوکھی شادی ہر سال دھوم دھام سے ہوتی رہے گی سمندر مچھلیوں سے اور دھرتی اناج سے بھری رہے گی اور ان کا قصبہ قدرتی آفات سے محفوظ رہے گا۔ ذرائع کے مطابق شادی کے اس پُرمسرت موقع پر میئر وکٹر ہیوگو سوسا نے دلہن سے اعتراف محبت کرنے کے بعد اس کی ذمہ داری اُٹھانے کا عزم بھی کیا .شادی کی تقریب میں دلہن کو روایتی سفید لباس پہنایا گیا تھا اور تقریب میں باراتیوں نے روایتی گانوں پر رقص بھی کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں