میر رضا کی لاش ملنے کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں اہم انکشافات

میر رضا قتل کیس میں یونیورسٹی روڈ پر واقع نرسری کی 28 اور 29 جولائی کی خصوصی سی سی ٹی وی فوٹیج نے لاش ملنے سے لے کر اسے موقع سے منتقل کیے جانے تک کے واقعات کی ٹائم لائن واضح کردی ہے۔ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں 28 جولائی کو اسی مقام پر مالی پودوں کو پانی دیتا رہا تاہم اس روز کی فوٹیج میں وہاں کوئی لاش نظر نہیں آئی۔ اگلے روز 29 جولائی کو بھی مالی حسب معمول پودوں کو پانی دینے کے لیے موقع پر موجود تھا، تاہم اسی دوران اسے مبینہ طور پر وہاں لاش نظر آئی۔واضح رہے کہ 28 جولائی کی صبح میر رضا کو نرسری کی جانب جاتے دیکھا گیا تھا تاہم نرسری سے لاش اس دن نہیں ملی .فوٹیج میں دکھائی دیتا ہے کہ 29 جولائی کو صبح 11 بج کر 52 منٹ پر مالی پودوں کو پانی دے رہا تھا اسی دوران اس نے مبینہ طور پر لاش کو دیکھا۔ واقعے کے بعد دوپہر 12 بج کر 24 منٹ پر 2 پولیس اہلکار موٹر سائیکل پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔جبکہ 12 بج کر 50 منٹ پر ایدھی ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔فوٹیج میں مزید دیکھا گیا کہ ایدھی ایمبولینس تقریباً ایک گھنٹے تک موقع پر موجود رہی اور دوپہر 1 بج کر 46 منٹ پر لاش کو لے کر وہاں سے روانہ ہوگئی۔28 جولائی اور 29 جولائی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے تقابلی جائزے سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ 28 جولائی کو مالی اسی مقام پر پودوں کو پانی دیتا رہا لیکن اس وقت کوئی لاش دکھائی نہیں دی، جبکہ 29 جولائی کو اسی مقام پر مالی نے لاش دیکھنے کی اطلاع دی۔خصوصی فوٹیج کے منظر عام پر آنے کے بعد کیس کی تفتیش کے حوالے سے پیدا ہونے والے سوالات کا جواب دینا متعلقہ تفتیشی اداروں کے لیے اہم ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں