صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کردیا۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے ایتھلیت ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کردیا۔
قومی ہیرو ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی ملاقات ہوئی جس میں صدر نے ارشد ندیم کیلئے اپنی جانب سے 10 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سرفخر سے بلند کیا اور ملک کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثرکیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ کھلاڑیوں کے بچوں کو بھی اسکالر شپ دی جانی چاہیے، سندھ حکومت کو پی ایس بی انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا، امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
دوسری جانب ارشد ندیم نے ہلالِ امتیاز ایوارڈ دینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔