کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے اعتراف کیا ہےکہ کراچی میں سڑکوں کے مسائل ہیں جس سے شہریوں کو تکلیف ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں بہت سے چیلنجز ہیں، شہر میں ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور ہورہے ہیں جب کہ بارشوں کے ختم ہوتے ہی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع ہوچکا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی حکومت میں شامل نہیں ہیں، کراچی کو وفاق کی جانب سے جو شیئر ملنا چاہیے وہ نہیں ملا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یونس خان بہت اچھے کرکٹر ہیں مگر ان کی بات سے اتفاق نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ سابق قومی کرکٹر یونس خان نے دو روز قبل شہر کے انفرا اسٹرکچر اور سڑکوں کی خراب صورتحال کے بارے میں کہا تھا کہ ایسا لگتا ہے جیسے موہن جو دڑو میں رہتا ہوں۔