نئی دہلی: شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد رواں ماہ شیڈول بھارت بنگلا دیش کرکٹ میچز منسوخ کرنے کا مطالبہ زور پکڑرہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گووا سے تعلق رکھنے والے ہندو جاناجگروتی سمیتھی نامی رائٹ ونگ گروپ نے میچز کی منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش میں ہندوؤں پر جاری مظالم کی وجہ سے میچز نہیں ہونے چاہئیں۔
گروپ نے مطالبہ کیا کہ میچز اس وقت تک نہیں ہونے چاہئیں جب تک ہندوؤں پر مظالم بند نہ ہوں۔
رپورٹ کے مطابق ہندو جاناجگروتی نے میچز کی جلد از جلد منسوخی کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو خط بھی لکھ دیا ہے۔
واضح رہے بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل سے چنئی میں کھیلا جائے گا اور 12 اکتوبر تک جاری رہنے والے دورے میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز شامل ہیں۔
بھارت اور بنگلادیش کے درمیان میچز چنئی، کانپور، گوالیار، دہلی اور حیدر آباد میں شیڈولڈ ہیں جب کہ میچز کے دوران کئی مقامات پر مظاہروں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔