امریکی صدارتی انتخابات میں مدمقابل امیدواروں پر ایک نظر

5 نومبر 2024 کو امریکا میں منعقد ہونے والے صدارتی انتخابات شاید حالیہ امریکی تاریخ میں اہم ترین صدارتی انتخابات ہیں۔

اگرچہ امریکی انتخابات کے عالمی اثرات کے باعث پوری دنیا کی نظریں ہی ان انتخابات پر ہیں تاہم امریکا میں موجودہ سیاسی تقسیم کو دیکھتے ہوئے یہ انتخابات خود امریکی سیاست اور معاشرت کے لیے بھی اہم ہیں۔

ذیل میں 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں مدمقابل امیدواروں کا مختصر تعارف پیش کیا جارہا ہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2024 کے صدارتی انتخابات میں تیسری مرتبہ انتخابی میدان میں اترے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ 14 جون 1946 کو نیویارک کے علاقے کوئنز میں پیدا ہوئے، ٹرمپ نے 1968 میں یونیورسٹی آف پینسلوینیا سے معاشیات میں گریجوایشن کیا۔
78 سالہ ٹرمپ کی پہلی دو شادیاں ناکام رہیں، سابق ماڈل میلانیا کناوس سے ٹرمپ نے 2005 میں تیسری شادی کی۔ ٹرمپ شوبز انڈسٹری اور ذرائع ابلاغ سے بھی خاصے متعلق رہے۔

ٹرمپ نے 1987 میں پہلی بار صدارتی انتخاب لڑنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ 2000 میں انہوں نے ریفارم پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کی کوشش کی جبکہ 2008 میں ٹرمپ ایک بار پھر اس وقت توجہ کا مرکز بنے جب انہوں نے صدارتی امیدوار باراک اوباما کی جائے پیدائش امریکا کی بجائے کینیا کو قرار دیا۔
پے در پے اسکینڈلوں، متنازع اور نفرت انگیز بیانات ٹرمپ کی انتخابی مہم پر پوری طرح چھائے رہے اور 2016 کے امریکی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیداوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر منتخب ہو ئے۔ بعد ازاں انہیں 2020 کے انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے شکست دی۔
2024 کی انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ پر دو مرتبہ قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں۔
موجودہ امریکی نائب صدر کملا ہیرس امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیں۔

کمالہ ہیرس 20 اکتوبر 1964 کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر آکلینڈ میں پیدا ہوئیں، ان کی والدہ بھارتی نژاد اور ان کے والد جمیکن نژاد تھے۔
کملا ہریس نے اپنا سیاسی کریئر سان فرانسسکو شہر کی الامیڈا کاؤنٹی کی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے طور پر شروع کیا، وہ 2004 سے 2011 تک اس عہدے پر رہیں، اس کے بعد وہ ریاست کیلیفورنیا کی اٹارنی جنرل بنیں۔

بعد ازاں 2016 میں وہ کیلیفورنیا سے سینیٹر منتخب ہوئیں اور اس کے بعد 2020 میں صدارتی امیدوار بننے کی بھی کوشش کی تاہم اس میں کامیاب نہ ہوسکیں لیکن صدر جو بائیڈن نے انہیں اپنا نائب صدر منتخب کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں