اسلام آباد میں سعودی عرب کے قومی دن کی تقریب، صدر زرداری سمیت اہم شخصیات شریک

اسلام آباد میں سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا، صدر آصف علی زرداری سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے ہمراہ تقریب میں پہنچے۔

تقریب کے آغاز پر سعودیہ اور پاکستان کے ترانے بجائے گئے، تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سمیت خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ کے گورنرز، وفاقی وزرا، غیر ملکی سفارت کاروں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے وزیراعظم شہبازشریف نے ویڈیو پیغام کے ذریعے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کیں اور کہا کہ ترقی اور خوشحالی کیلئے سعودی قیادت کا وژن مثالی اور اقدامات قابل تقلید ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ برادر اسلامی ملک، امن، خوشحالی، استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اہم وکیل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔

سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی قوم اپنی گہری ثقافت کے ساتھ دنیا میں بڑی قوت کے طور پر ابھری ہے، وہ شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہيں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن کے موقع پر سعودیہ کے تمام بڑے شہروں کی اہم شاہراہیں قومی پرچموں سے سجائی گئیں، بلند عمارتوں پرتھری ڈی لائٹس نصب کی گئیں اور دارالحکومت ریاض سمیت 17 شہروں میں ائیرشوز کا اہتمام کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں